اردو زبان و ادب کی ترویج میں شعر و سخن ڈاٹ نیٹ کا کردار

Adabi aur tanqeedi mazaameen
Afsane aur tabsire

Moderator: munir-armaan-nasimi

Post Reply
User avatar
aabarqi
-
-
Posts: 596
Joined: Tue Oct 07, 2008 11:09 am
Location: New Delhi
Contact:

اردو زبان و ادب کی ترویج میں شعر و سخن ڈاٹ نیٹ کا کردار

Post by aabarqi »


پروفیسر صالحہ رشید
صدر شعبہ عربی و فارسی
الہ آباد یونیورسٹی
اردو زبان و ادب کی ترویج میں شعر و سخن ڈاٹ نیٹ کا کردار
https://sherosokhan.net/
شعرو سخن ڈاٹ نیٹ ٹورانٹو، کناڈا کی پہلی اردو ویب سائٹ ہے۔ یہ ۳۰۰۲ء؁ میں شروع کی گئی جس پر اردو کا پہلا ویب میگزین شائع ہوا۔ اس کے مدیر جناب سردار علی صاحب ہیں۔ان کا تعلق حیدر آباد، فرخندہ بنیاد، ہندوستان سے ہے۔ برسوں پہلے آپ دور دیس ٹورانٹو جا بسے مگر آپ کی آج بھی اپنی جای پیدائش سے اپنی اردو خدمات کے ذریعہ پوری طرح وابستہ ہیں۔ آپ ہر سال ٹورانٹو سے ہندوستان تشریف لاتے ہیں۔ آپ کے بھائی اور ان کا خاندان حیدر آباد میں مقیم ہے۔ ہندوستان آمد پر آپ علمی و ادبی سرگرمیوں میں شرکت کرتے ہیں۔ تاریخی مقامات پر تشریف لے جاتے ہیں۔ ان سب کے باوجود آپ اپنی ذات کو لے کر خاموش رہنا ہی پسند کرتے ہیں۔آپ انتہائی منکسر المزاج ہیں۔ اردو زبان و ادب کی اتنی بڑی خدمت انجام دینے کے باوجود اپنی تشہیر سے بالکل دور رہتے ہیں۔ بار بار تفتیش کرنے کے باوجود بس اتنا کہتے ہیں، میں کیا، میری بساط کیا، جو شخص سکنڈ کے بھی سوویں حصے میں دوسروں کو دنیا کے کونے کونے میں متعارف کروا دے وہ خود کو ان سب سے دور رکھتا ہے۔سردار بھائی سے میرا غائبانہ تعارف سات برس قبل ہوا مگر ان سے ملاقات کا شرف ۸۱۰۲ء؁ میں حاصل ہوا جب وہ میرٹھ یونیورسٹی کے ایک سیمینار میں تشریف لائے تھے۔ایک پر وقار اور سنجیدہ شخصیت، انتہائی خوش وضع، با سلیقہ، کم گو مگر پوری کارگذاری پر گہری نظر رکھنے والے، مرنجان مرنج قسم کے انسان۔ دھوپ گرمی پیاس کسی چیز کی کوئی شکایت نہیں۔میزبان پر کوئی بار نہیں۔میں خوش نصیب ہوں کہ میری ایک کتاب کا اجراء ان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
سردار علی صاحب اردو شائقین ادب کو نت نیا ادبی تحفہ پیش کرتے ہیں۔ اس طرح وہ بہت خاموشی سے اردو زبان و ادب کی فکری زمین ہموار کرتے نظر آتے ہیں۔ اردو کی خدمت ان کی روحانی غذا ہے۔وہ اس کے بنا سانس نہیں لیتے۔اس طرح وہ اپنی تہذیب و ثقافت کی پاسداری بھی فرما رہے ہیں۔اس خدمت میں وہ تن من دھن سے لگے ہوئے ہیں۔ سود و زیاں سے بے نیاز۔حیرت ہے کہ آج کے اس صارفی دور میں وہ اردو کی بے لوث خدمت کئے جا رہے ہیں۔
شعر و سخن کی ویب سائٹ کی بات کریں تو اس کا پہلا صفحہ کھلنے پر ۳۰۰۲ ء ؁، ٹورانٹو سے شائع ہونے والی پہلی اردو ویب میگزین فلیش ہوتا ہے جو بہت خوشگوار تأثر پیش کرتا ہے۔ اس کے ہوم پیج پر میگزین کے مشمولات کی تفصیل کے لئے حمد و ثنا، افسانے، مضامین، شاعری، ادبی تقریبات، یادگار تصویریں، برقی کتب، ویڈیووغیرہ کے الگ الگ خانے نظر آتے ہیں۔ وہاں درج ہے اڈیٹر سردار علی اور ساتھ ہی ان کی پر وقار تصویر اور پورا پتہ مع فون نمبر۔ ایک کیپشن اور نظر آتا ہے جو اس طرح ہے۔۔خوش آمدید۔شعرو سخن پر ادبی تقریبات کی رپورٹ اور اطلاعات شامل کی جاتی ہیں۔انھیں اس میل پرsherosokhan@gmailشئیر کریں۔یہاں پر کئی گوشوں کا اعلان بھی نظر آتا ہے مثلاً گوشہئ علامہ اقبال، گوشۂ سر سید، گوشۂ خورشید حیات، گلدستۂ نعت، قطعات تاریخ وفات وغیرہ۔ برقی کتب میں مشرف عالم ذوقی، صادقہ نواب سحر، مینا نقوی،برقی اعظمی، نور الحسنین، خورشید حیات، کلیات سعید شہیدی، روح سخن، لمس کی خوشبو، خامہ بدست غالب از ستیہ پال آنند، اردو زبان اور دکنی زبان کی صرف و نحو از ڈاکٹر غلام شبیر رانا، حیدر آباد سے شائع ہونے والے ماہنامہ سب رس کے سالہا سال کے بیش قیمت شمارے موجود ہیں۔ گوشہئ اقبال میں صوفی اپریل ۱۳۹۱ء ؁ کی جلد ۵۴ / کا شمارہ نمبر چار میں شائع ہوا ایک وقیع مضمون ’سر محمد اقبال کا خطبہئ صدارت باجلاس آل انڈیا مسلم لیگ، الہ آباد، دسمبر ۰۳۹۱ء؁، مترجمہ سید نذیر صاحب نیازی، بی اے‘ پوسٹ کیا گیا ہے۔ شعر و سخن کی ویب سائٹ پر ان دنوں ۰۲۰۲ء؁ کا تیسرا شمارہ نظر آ رہا ہے اس کے مشمولات سے ہی اس کی افادیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔اس میں مشاہیر قلمکاروں کے دس افسانے، کم و بیش اتنے ہی عمدہ تجزیاتی مضامین، بیس شعراء کے تازہ کلام اور کووڈ۔ ۹۱ کے دوران ہونے والی ادبی سرگرمیوں کی خبریں شامل ہیں۔ شعراٗ کا کلام تزئین کاری کے ساتھ پیش کرتے ہیں۔ وہاں بھی آپ کے ہنر کی داد و تحسین کی جاتی ہے۔ الغرض شعر و سخن کے ذریعے قاری اردو زبان و ادب سے متعلق بین الا قوامی سطح پر ہونے والی سرگرمیوں نیز تخلیق کاروں سے ایک کلک کے ذریعے واقفیت حاصل کر لیتا ہے۔یہ سردار علی صاحب کا لائق ستائش کارنامہ ہے۔آپ نے اس ویب سائٹ کے ذریعے اردو ادب کے گراں بہا خزانے کو محفوظ کیا ہے۔ ہم اس کے لئے آپ کے شکر گذار ہیں۔جزاک اللہ خیراً کثیرا۔

Attachments
Sardar Ali.jpg
Sardar Ali.jpg (33.63 KiB) Viewed 1724 times
Prof.Saleha Rasheed.jpg
Prof.Saleha Rasheed.jpg (19.17 KiB) Viewed 1724 times
http://www.drbarqiazmi.com
Post Reply