Page 1 of 1

طرحی غزل - رستہ سفر کا آیا نظر ابتدا کے بعد

Posted: Sat Jan 12, 2019 4:01 am
by sfaseehrabbani
طرحی غزل

رستہ سفر کا آیا نظر ابتدا کے بعد
منزل دکھائی دے گی یقیناً فنا کے بعد

ناکام ہیں نگاہِ جہاں میں مگر ہمیں
بھائی نہ کوئی راہ طریقِ وفا کے بعد

دنیا کی خواہشات ہیں دنیا سے بھی دراز
دل میں بچے گا کیا ترے حرص و ہوا کے بعد

لیتی ہے میرا نام یہ دنیا ادب کے ساتھ
یہ مرتبہ ملا ہے شکستِ انا کے بعد

قدرت کے شاہکار ہیں سرو و سمن تمام
ہر رنگ ہے عزیز پہ رنگِ حنا کے بعد

احسان و درگزر کا طلبگار میں نہیں
"آتا ہے لطفِ جرمِ تمنا سزا کے بعد"

شاہین فصیح ربانی