فرزانہ شمسی کے افسانوں کے مجموعے ”بحرِ بیکراں“ پر منظوم تاثرات احمد علی برقیؔ اعظمی
Posted: Tue Oct 15, 2019 4:49 pm
فرزانہ شمسی کے افسانوں کے مجموعے ”بحرِ بیکراں“ پر منظوم تاثرات
احمد علی برقیؔ اعظمی
ہے مرے پیشِ نظر فرزانہ شمسی کی کتاب
جس میں ہے اکیس افسانوں کا دلکش انتخاب
ابتدا ”مشکور“ سے ہے انتہا ہے ”پرورش“
جس کا شمس الدین خاں کے نام سے ہے انتساب
زین شمسی اور حقانی کے ہیں جو تجزئے
ان میں اِن افسانوں کا ہے ناقدانہ احتساب
ہے یہ عصری کرب کے اظہار کا وہ آئینہ
جس کا ہر کردار اس میں کھا رہا ہے پیچ و تاب
اس کے جس افسانے کا عنوان ہے ”نفرت کا زہر“
عہدِ حاضر کا عیاں ہے اس سے ذہنی اضطراب
کوچہ و بازار میں جو ہورہا ہے اِن دنوں
ہے کتابِ زندگی کا ابن آدم کی وہ باب
نام ”بحر بیکراں“ ہے جس کا برقی ؔ اعظمی
ہے یہ افسانوں کا مجموعہ نہایت کامیاب