سخنور شکاگو کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان دو روزہ مشاعرے کا انعقاد رپورٹ : عابد رشید ناظم مشاعرہ

Taazah bataazah adabi khabreN
Post Reply
User avatar
aabarqi
-
-
Posts: 596
Joined: Tue Oct 07, 2008 11:09 am
Location: New Delhi
Contact:

سخنور شکاگو کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان دو روزہ مشاعرے کا انعقاد رپورٹ : عابد رشید ناظم مشاعرہ

Post by aabarqi »

سخنور شکاگو کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان دو روزہ مشاعرے کا انعقاد
رپورٹ : عابد رشید ناظم مشاعرہ
عابد رشید نے ایک بار پھر شکاگو میں ایک نئی ادبی تاریخ رقم کردی

سخنور شکاگو کے زیرِ اہتمام دو روزہ عالمی مشاعرہ جمعہ 29 مئی اور ہفتہ 30 مئی رات 9بجے منعقد کیا گیا۰ سخنور شکاگو کے پہلے آن لائن مشاعروں کی طرح یہ مشاعرہ بھی بے حد کامیاب رہا۰ اس مشاعرے میں پاکستان، انڈیا، کینیڈا اور امریکہ کی مختلف ریاستوں سے معزز شعراءِ کرام نے شرکت کی۰ شکاگو اور پورے امریکہ کی تاریخ کے اس پہلے دو روزہ عالمی مشاعرےکے انعقاد پر شکاگو کے مشہور شاعر عابد رشید صاحب قابلِ تحسین ہیں۰ انہوں نے اپنی انتھک محنت سے اس مشاعرے کو بھی کامیابی سے ہمکنار کیا۰
اس مشاعرہ کے تکنیکی انتظامات بہت بہتر تھے مختلف ممالک کے شعراء کو نہایت عمدگی سے سخنور شکاگو کے پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا۰ مشاعرے کی ترتیب اور پیشکش نہایت منظم رہی۰
عابد رشید صاحب نے نہایت عمدگی سے مشاعرے کی نظامت کی۰ نظامت کے ساتھ ساتھ انہوں نے تکنیکی معاملات کو بھی بحسن و اسلو بی سنبھالا۰
کورونا کے وبائی مرض کے باعث جہاں مشاعرہ گاہ میں محفل منعقد کرنا ابھی تک ممکن نہیں ہوا، سخنور شکاگو کے ان آن لائن مشاعروں نے ادبی دنیا کو ایک معیاری پلیٹ فارم مہیّا کیا ہوا ہے۰
اس محفل مشاعرہ کے پہلے دور کی صدارت نامور شاعر جناب غلام مصطفٰے انجم نے کی۰ پہلے دور کا آغاز واصف مولجی نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا۰ انڈیا سے نعت گو شاعر اظہر شہاب نے نہایت خوش الہانی سے ایک خوبصورت نعت پیش کی
جن شعراء نے شکاگو سے مشاعرے میں شرکت کی اُن میں ڈاکٹر توفیق انصاری، ڈاکٹر منیر الزماں منیر، شاہ نعیم الدین نعیمی، حشمت سہیل، رشید شیخ، نذر نقوی، انگلش زبان کے شاعر عرفان شریف، عابد رشید ، غوثیہ سلطانہ ، محبوب علی خان، ساجد چودھری، سیما عابدی، ڈاکٹر افضال الرحمن افسر ، کیلیفورنیا سے ڈاکٹر تقی حیدر، محمد اسلم، کینیڈا سے حِشام سید،انڈیا سے رؤف خیر، ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی، عزیز بلگامی، عبدالرحمٰان سلیم، شمشاد جلیل شاد، مرزا زبیر امروہوی اور لندن سے کامران کامی کے نام شامل ہیں۰ مشاعرے میں عرفان شریف کی انگلش نظم نے جدّت پیدا کردی۰ محفل کے پہلے حصے کا اختتام اختتام جناب غلام مصطفٰے انجم کے کلام اور دعا سے ہوا۰
آن لائن مشاعرے کا دوسرا دور 30 مئی بروز ہفتہ ہوا۰ یہ دور مہمان شعراء پر مشتمل تھا۰ اس دور کے مہمانِ خصوصی انڈیا سے خوشبیر سنگھ شاد اور منیش شُکلا تھے۰
اس محفل مشاعرہ کے دوسرے دور کی صدارت شکاگو کی ایک معتبر ادبی شخصیت جناب ڈاکٹر توفیق انصای احمد نے کی دوسرے دور کا آغاز ڈاکٹر افضال الرحمان نے تلاوتِ کلام پاک سے کیا۰
دوسرے دور کے شعراء میں پاکستان سے فاروق طراز، طاہر حنفی، جنید آزر، بہزاد جازب، ڈاکٹر صغیر احمد صغیر، حیدر فاروق، ریحانہ روحی، سبین یونس اورناز بٹ، امریکہ کی مختلف ریاستوں سے مونا شہاب، ناہید ورک، مقسط ندیم، احمد عرفان، اویس راجہ، اشرف گِل اوراپنی تمام کتابوں پر پاکستانی صدارتی ایوارڈ حاصل کرنے والی نورین طلعت عروبہ شامل تھے۰ کینیڈا سے سیما نقوی، تبسم انور، جمیل قمر اور منور عزیز نے مشاعرے کے دوسرے حصے میں شرکت کی یہ دونوں مشاعرے فیس بک پر براہِ راست نشر کئے گئے۰ ہزاروں کی تعداد میں ادب کے شائقین نے ان مشاعروں کو دیکھا اور پسند کیا۰
دو روزہ آن لائن عالمی مشاعرہ، آن لائن مشاعروں کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۰ ان تاریخی اور کامیاب عالمی مشاعروں کے منعقد کرنے پر عابد رشید صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں۰
لاک ڈاؤن کے ان حالات میں ادبی سرگرمیوں کو بحال رکھنا واقعی ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۰
اگلا دو روزہ آن لائن مشاعرہ بتاریخ 27 جون، بروز ہفتہ، شام ۹ بجے منعقد کیا جائیگا۰ اس مشاعرے کا دوسرا دور 4 جولائ بروز ہفتہ منعقد کیا جائے گا۰ شرکت کے لئے عابد رشید صاحب سے درجِ ذیل ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۰
Sukhanwarchicago@gmail.com

سخنور شکاگو کے دوروزہ عظیم الشان چوتھے آنلاین عالمی مشاعرے کی منظوم روداد
احمد علی برقی اعظمی
سخنور شیکاگو کی چوتھی نشست
تھی اک بزم شعرو سخن باوقار
تھا عنوان بزم سخن اس کا عید
جو بندوں پہ ہے فضل پروردگار
تھی یہ عالمی آنلاین نشست
جو ہے بزم شعرو سخن یادگار
سبھی نے سنائے مرصع کلام
سخنور سبھی اس میں تھے نامدار
میں کس کس کا لوں نام اس بزم میں
تھے اردو کے شعرا سبھی باوقار
وہاں ابنِ مفتی بھی تھے میرے ساتھ
جو ٹیکساس میں ہیں مرے ایک یار
شیکاگو میں ہے یہ سفیر ادب
جو شعرو ادب کی ہے اک پاسدار
نہ تھا فاصلہ قرب اور بعد میں
شریک اس میں دہلی سے تھا خاکسار
تھے عابد رشید اس کے وہ میزباں
نظامت تھی جن کی بہت شاندار
ہے اردو کے حق میں یہ اک فال نیک
تھی برقی جو اک محفل یادگار
۔

Attachments
Sukhanwar Chicago Cover.jpg
Sukhanwar Chicago Cover.jpg (54.79 KiB) Viewed 1244 times
Abid Rasheed Admin Mushaira.jpg
Abid Rasheed Admin Mushaira.jpg (115.39 KiB) Viewed 1244 times
Ahmad Ali Barqi Azmi Recites His Ghazal in 4th International Online Mushaira Organized by Sukhanwar Chicago-2.jpg
Ahmad Ali Barqi Azmi Recites His Ghazal in 4th International Online Mushaira Organized by Sukhanwar Chicago-2.jpg (101.47 KiB) Viewed 1244 times
Group Photo Of Mushaira Sukhanwar Chicago.jpg
Group Photo Of Mushaira Sukhanwar Chicago.jpg (68.28 KiB) Viewed 1244 times
Group Photo Of Mushaira Sukhanwar Chicago-1.jpg
Group Photo Of Mushaira Sukhanwar Chicago-1.jpg (80.77 KiB) Viewed 1244 times
http://www.drbarqiazmi.com
Post Reply