Page 1 of 1

باتوں سے آپ کی ہرے پھر زخم ہو گئے

Posted: Tue May 18, 2021 6:15 am
by ismail ajaz
جو زخم آپ نے دیے وہ بھر نہ پائیں گے
باتوں سے آپ کی ہرے پھر زخم ہو گئے
Broad Leaf Plantain
جڑی بوٹی جو زخم بھرتی ہے جسے پہاڑی زبان میں(اُلّا) کہتے ہیں یہ فرسٹ ایڈ کے طور پر فوری علاج کے لیے اکسیر ہے آج سے چالیس سال قبل جب میں ایوبیہ میں رہائش پذیر تھا اس بوٹی سے استفادہ کئی بار کیا یہ بوٹی چلتی پھرتی ڈسپینسری کا کردار ادا کرتی ہے بہتے خون رستے خون کو فی الفور روک دینے میں لاجواب ہے بس ان پتّوں کو توڑیے اور پتّھر سے کُچل کر زخم پر ان کا عرق نچوڑیے اور بہتے ہوئے رستے ہوئے خون کو رکتے ہوئے اپنی آنکھوں مشاہدہ کیجیے
یہ بالکل ٹنکچر آیوڈین کا کام کرتا ہے
قارئین کرام جسمانی زخم کسی نہ کسی صورت بھر جاتے ہیں انسان بھول جاتا ہے کیا زبان کے زخم بھی بھرنے کے لیے کوئی ایسی کارآمد جڑی بوٹی دستیاب ہے کہ جسے کُچل کر وہ زخم جو زبان نے دل پر لگائے جگر چھلنی کر دیا جس سے دل خون کے آنسو روتا ہے کیا کوئی علاج ہے آپ کے پاس ؟
یقیناً آپ کا دل بھی کرچی کرچی ہوتا ہو گا کوئی آپ کے دل میں بھی گھاؤ لگاتا ہوگا جس کا نہ ختم ہونے والا درد اور نہ بھرنے والے زخم جب جب اس ستم ظریف کی یاد آتی ہے ترو تازہ ہو جاتے ہیں ، تو اب آپ بھی دل کے زخم بھرنے کا سامان کیجیے کوئی ایسی بوٹی دریافت کیجیے جس سے آپ کے دل کے گھاؤ بھر جائیں
میں اس کا آسان علاج بتاؤں ؟
Broad Leaf Plantain
یہ پہاڑی اُلّا بن جائیے جو بے لوث ہو کر لوگوں کے زخم بھرتا ہے
کوشش کیجیے لوگوں کا دل مت توڑیے ، آپ کے دل کےگھاؤ بھر جائیں گے
امید ہے یہ علاج آپ کو پسند آیا ہو گا ، اپنا خیال رکھیے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے
ہو جائے گا مداوا ہراک زخم کا خیالؔ
لوگوں کا درد بانٹیے فرصت نکال کر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ کی توجہ کا طلبگار
اسماعیل اعجاز خیالؔ